فلسطین میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کریک ڈاؤن میں مزید 33 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ محروسین میں نوعمر لڑکے بھی شامل ہیں۔ گذشتہ تین ہفتوں سے جاری کریک ڈاؤن میں اب تک کم سے کم 700 فلسطینیوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم "کلب برائے اسیران" کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بیت المقدس میں کریک ڈاؤن کےدوران اب تک 24 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر مغربی کنارے اور دوسرے
شہروں میں 691 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
گذشتہ دو روز میں بیت المقدس اور مغربی کنارے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 63 افراد کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ تین ہفتوں سے جاری گرفتاری کی مہم میں الخلیل سے 236 ، نابلس سے 107, بیت لحم سے 91 ، جنین سے 65 ، رام اللہ اور البیرہ سے 62 ، طولکرم سے 28 ، قلقیلیہ سے 18 اور سلفیت، طوباس اور اریحا سے 21 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔